لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز کو پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مقرر کردیا گیا ہے۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے دستخط سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق مریم نواز کو پارٹی کی سینئر نائب صدر کے ساتھ چیف آرگنائزر بھی مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد مریم نواز کو پارٹی کی تنظیم نو کی ذمے داریاں تفویض کی گئی ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق مریم نواز تمام لیول پر مسلم لیگ ن کو ری آرگنائز کریں گی۔
دریں اثنا وفاقی وزیر خزانہ اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے نئی ذمے داریاں سنبھالنے پر مریم نواز کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔