لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں رائج فرسودہ نظام سے عوام الناس کا اعتماد ختم ہوچکا ہے۔
محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ دنیا میں تمام ترقی یافتہ ممالک کے اندر قانون کی حکمرانی ہے اور جہاں قانون کمزور پڑ جاتا ہے وہ معاشرہ ہر لحاظ سے برباد ہوجاتا ہے۔ کرپشن میں اضافہ ہو جاتا ہے اور تاریخ کا حصہ بن کر رہ جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں جنگل کا قانون رائج ہے۔ یہاں عوام کو انصاف کے حصول کی خاطر ٹھوکریں کھانی پڑتی ہیں۔ فرسودہ نظام سے عوام الناس کا اعتماد ختم کرکے رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قانون کی بالادستی کو قائم کرنے کے لئے عدالتی نظام کو حقیقی معنوں میں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ہمارا المیہ ہے کہ جتنے بھی بڑے چور، لٹیرے اور ڈاکو ہیں و ہ قانون سے بالاتر ہیں اور اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں ، اہم عہدوں پر فائز ہیں، اور جتنے چھوٹے اور غریب افراد ہیں ان کے لیے ایک الگ قانون ہے۔
امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی بر سر اقتدار آکر یہ تفریق ختم کرنا چاہتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک عوام کو سستااور فوری انصاف میسر نہیں آجاتا۔ پاکستا ن میں حقیقی تبدیلی کے لیے عدالتی نظام کو مضبو کرنا ہوگا۔ عدالتیں آزاد ہیں تو ہی ملک کے اندر انصاف کا بول بولا ہوسکتا ہے اور کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگا۔
ان کامزید کہنا تھا کہ عوام نے مسلم لیگ ن اورپیپلز پارٹی کے بعد تحریک انصاف کی تبدیلی کو بھی دیکھ لیا ہے۔ تینوں پارٹیاں اپنے اپنے مفادات پر کام کررہی ہیں۔ قومی اسمبلی میں سود کا مسئلہ ہو یا شراب پر پابندی لگانے کا سب ایک ہی جگہ اکٹھے ہوجاتے ہیں۔ حکمرانوں کے پاس عوام کو دینے کے لیے جھوٹے وعدوں اور نعروں کے سوا کچھ نہیں۔