اسلام آباد:پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی جارحانہ فیصلے کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ شاہد آفریدی جیسے کھلاڑی کو ہمیں سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے کی ضرورت تھی کیونکہ وہ جارحانہ فیصلے کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں،چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے عبوری چیف سلیکٹر کی خوبیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی نئے ٹیلنٹ کو موقع دینے جیسے جارحانہ فیصلے کرسکتے ہیں، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں تبدیلیاں چاہتے تھے، پاکستان اب ہار یا جیت کی سوچ سے باہر نکل کر معیاری ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کی وائٹ بال فارمیٹس کی ٹیم پی ایس ایل کی وجہ سے اچھی ہے تاہم پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ گزشتہ 4سال سے تنزلی کا شکار رہی ہے، ماضی کے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو ختم کردیا گیا جس سے ٹیسٹ کرکٹرز ملتے تھے،چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی ٹیسٹ کرکٹ میں گھاس والی پچ بنانے کے حامی ہیں، ماضی کے پی سی بی اعلی عہدیداران نے ٹیسٹ کرکٹ میں غیرمعیاری پچز بنوائیں وہ ٹیسٹ میچ ڈرا کے لیے کھیلنا چاہتےتھے لیکن انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ڈرا کرنے کی سوچ کے باوجود ہم نے شکست کھالی،انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو ہار یا جیت سے کوئی غرض نہیں، شائقین معیاری ٹیسٹ کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔