کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر گوادر کے مظلوم عوام کی حمایت کے لیے کراچی تا کشمور اپنے مظلوم بلوچ بھائیوں کے حق اور ظالم حکمرانوں کیخلاف بھرپور یوم احتجاج منایا گیا۔
کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈوآدم، نواب شاہ، سکھر، شکارپور،ٹھٹھہ، گھوٹکی، کشمورکندھ کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، شہداد کوٹ سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن سے جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو، قاری ابو زبیر جکھرو،منصورابڑو، عقیل احمد خان،حافظ خالد سلمان،غلام مصطفی میرانی،لالا عبدالفتاح پٹھان،عبدالغفور انصاری، مشتاق احمد عادل ودیگر نے خطاب کیا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حق دو تحریک ہمیشہ پرامن جدوجہد کی ہے۔ 2 ماہ دھرنا پرامن تھا، تمام بڑے جلوس پرامن تھے۔ حکومت مافیا کے سامنے سرنگوں ہو کر تشدد پر اتر آئی ہے۔ رات کو پر امن دھرنے پر حملہ کرکے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ خواتین اوربزرگوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔
جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ تشدد کر کے ایک بزرگ خاتون کے ہاتھ کو توڑ دیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں حق دوتحریک کے کارکنوں کو لاپتا کیا گیا۔حق دو گوادر تحریک کے رہنماءاور کارکنان پہلے بھی پر امن تھے اور آئندہ بھی پر امن رہیں گے اس لیے وزیر داخلہ بلوچستان کو چاہیے کہ وہ غلط بیانی کرکے قوم کو گمراہ نہ کریں۔
سٹھارجہ میں صوبائی نائب امیر ممتازحسین سہتو نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں پرامن خواتین اور بزرگوں پر لاٹھی چارج،پولیس گردی قابل مذمت ہے، گوادر کے عوام نے مولانا ہدایت الرحمن کی ٹیم کو بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے منتخب کیا ہے ان پر پابندیاں عائد کرنا اور مسائل سے کنارہ کشی اختیار کرنا حکومت کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔
حکومت فی الفور مولانا ہدایت الرحمن اور ان کی ٹیم سے ڈائیلاگ کرے اور بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کو حل کیا جائے۔
کشمور میں بھی امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر گوادر میں حق دو گوادر کو تحریک کے کارکنان پر تشدد و گرفتاریوں کے خلاف یوم یکجہتی بلوچستان کے حوالے ضلعی ہیڈکوارٹر کندھکوٹ میں پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے ضلعی امیر غلام مصطفیٰ میر انی، لالہ عبدالفتاح پٹھان عمر فاروق چنا نے خطاب کیا۔
لاڑکانہ میں بھی یوم یکجہتی بلوچستان کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے ضلعی امیر قاری ابوزبیر جکھرو،غلام حیدرکورائی ودیگر نے خطاب کیا۔
قبوسعید خان میں گوادر میں نہتے مظاہرین پر تشدد، پولیس گردی کیخلاف قمبرشہداد کوٹ کے امیر منصورعلی ابڑو،اسدعلی مغیری ودیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت مدینہ مسجد چوک پر امیر جماعت اسلامی پاکستان محترم سراج الحق کی اپیل پر گوادر بلوچستان کی عوام سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں منعقدہ احتجاجی مظاہرہ سے ضلعی امیر حافظ سلمان خالد ، حاجی نور الہی مغل، محمد عاصم شیخ، ظفر اقبال مجاہد نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری ہونے کے ناتے اپنے بنیادی آئینی حقوق مانگنا گوادر عوام کا جرم بنادیا گیا ہے۔ہزاروں مرد وخواتین گذشتہ ایک ماہ سے اپنے مطالبات کے حق میں پر امن دھرنا دیے بیٹھے تھے۔بے گناہ نہتے پرامن شہریوں پر بدترین تشدد اور گرفتاریاں بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔حقوق دینے کے بجائے ریاستی تشدد کی پالیسی بلوچستان کے عوام میں نفرت بڑھانے کا سبب بن سکتی ہے۔
جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ گوادر بلوچستان حق دو تحریک کے روح رواں مولانا ھدایت الرحمن بلوچ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کو ختم کیا جائے اور ان کے خلاف درج ایف آئی آر کا خاتمہ کیا جائے۔ بلوچ عوام سمیت پورے پاکستان کے شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق دیئے جائیں۔پانی ،بجلی ، تعلیم ، صحت کی سہولت اور روزگار مانگنا آج عوام کیلئے جرم بنادیا گیا ہے۔