لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے، ہر دور میں حکمرانوں نے عوام کے ساتھ دھوکا کیا،عوام معیشت سود، کرپشن اور قرضوں کے بدترین دباؤ میں ہے۔
سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں کی نا اہلی اور شاہ خرچیاں عروج پر ہیں، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا، صرف جماعت اسلامی ہی پاکستان کو قرآن و سنت کے نظام کی طاقت سے موجودہ بحرانوں اور مسائل سے نکال سکتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں مردہ لاشیں بن چکیں اور یہ لوگ عوام پر بوجھ ہیں، حکمران پروٹوکول، مراعات اور تنخواہیں لیتے ہیں، عوام کے لیے معاشی، سیاسی اور اخلاقی تباہی کے یہی ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان اور گوادر کے لوگوں کو دیوار سے لگانا، ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے، دو ماہ سے گوادر کے عوام نے اپنے جائز مطالبات کے لیے دھرنا دیا، لیکن صوبائی و مرکزی حکومت نے مسائل حل کرنے کی بجائے مظاہرین پر پولیس کریک ڈاؤن کیا، لوگوں کو گرفتار کر کے انھیں تشدد کا نشانہ بنایا، جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔