اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی عائد

873

اسلام آباد:  ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ اس دوران ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پابندی کا اطلاق 31 دسمبر شام 6 بجے سے لے کر یکم جنوری تک رہے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں 31 دسمبر کو شیڈول بلدیاتی انتخابات کل ہی منعقد کرائے جائیں، جس پر وفاقی حکومت نے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی کل ہی انتخابات کے انعقاد کو ناممکن قرار دیتے ہوئے فیصلہ کرنے کے لیے مشاورت شروع کردی ہے۔