ڈیلفا کیٹل شو پاکستان میں لائیو اسٹاک سیکٹر کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ، گورنر سندھ

742

کراچی(رپورٹ: منیرعقیل انصاری) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ خوراک کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر لائیو اسٹاک سیکٹر کو جدید بنانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعے کو کراچی ایکسپو سینٹر میں تین روزہ ڈیلفا کیٹل شو کے افتتاح کے موقع پر بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ بات تقویت اور اعتماد کا باعث ہے کہ پاکستان اپنے کسانوں کے بل بوتے پر معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلفا کیٹل شو ڈیری، ایگری کلچر، لائیو اسٹاک، فشریز اور دیگر متعلقہ انڈسٹریز کے نمائندوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کا ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ ڈیلفا کیٹل شو جیسی نمائشوں سے فارمرز ک نئے مواقع ملتے ہیں یہ ایونٹ سندھ میں لائیو اسٹاک سیکٹ کی ترقی کی رفتار کو تیز بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز عبدالباری پتافی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے لائیو اسٹاک سیکٹر کے سرمایہ کاروں کو سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈیلفا کے پیٹرن ان چیف حارث مٹھانی نے کہا کہ کیٹل شو سندھ میں لائیو اسٹاک سیکٹر کی ترقی میں معاون ایک اہم ایونٹ بن چکا ہے۔ڈیلفا کا مقصد کسانوں میں جدید طریقوں کے بارے میں شعور اجاگر کرکے ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا ہے تاکہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں لائیو اسٹاک ڈیری ایگری کلچر اور فشریز کے کردار کو بڑھایا جاسکے۔

ایونٹ کا انعقاد بدرایکسپو سلوشنز کے تحت کیا گیا۔ شو کی اہم سرگرمیوں میں دودھ کی ویلیو ایڈیشن کے بارے میں سیمینار بھی شامل ہے جس میں فارمرز کو دودھ کی پراسیسنگ اور پیکجنگ کے جدید طریقوں اور ٹیکنالوجی کے ساتھ فارم منجمنٹ اور مویشیوں کی صحت اور خوراک سے متعلق جدید رجحانات سے آگاہی فراہم کی گئی۔

ڈیلفا کیٹل شو کے موقع پر سیمینار سے فارمرز کو حکومتی پالیسیوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں جبکہ فارمرز کے درمیان بھی روابط کو مضبوط بنانے کا موقع ملا اس کے ساتھ ہی مویشیوں کے طبی ماہرین، مشینیں بنانے والوں، دودھ کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے بین الاقوامی اور لوکل خریداروں اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے مابین ملاقاتیں بھی ایونٹ کا حصہ ہیں۔ڈیلفا کیٹل شو پاکسان کا سب سے بڑا کیٹل شو ہے جس میں اعلیٰ نسل کے مویشیوں، پرندوں کا مقابلہ حسن منعقد کیا جاتا ہے جبکہ گھوڑوں اور اونٹوں کا شو بھی ایونٹ کی روایت بن چکا ہے۔ ایونٹ فارمرز، فیڈ بنانے والی کمپنیں، مشین مینوفیکچررز، مویشیوں کے طبی ماہرین اور ملک اینڈ کیٹل انڈسٹری کے اہم اسٹیک ہولڈرز کو کاروباری ملاقاتوں کا بھی موقع فراہم کرتا ہے۔

تین روزہ کیٹل شو کے ساتھ ثقافتی سرگرمیوں، پھولوں کی نمائش، پالتو جانوروں، پرندوں کی نمائش کے علاوہ مویشیوں کی پریڈ بھی منعقد کی جائیگی شہریوں کی سہولت کے لیے فوڈ فیسٹیول بھی لگایا گیا ہے ۔