لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک معاشی، سیاسی ، اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ ہو چکا ہے، ٹیکنوکریٹ حکومت کے شوشے مسائل کا حل نہیں، بحران سے نکلنے کا واحد راستہ الیکشن ہے۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ انتخابات سے قبل الیکشن ریفارمز ہونی چاہییں، موجودہ ماحول میں بغیر اصلاحات کے انتخابات ہوئے تو نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا، مسائل میں مزید اضافہ ہو گا، جماعت اسلامی جمعہ کو گوادر کے عوام کے حقوق کے لیے ملک گیر سطح پر ”یوم یکجہتی بلوچستان” منائے گی جس کے تحت تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
امیر جماعت نے اس تاثر اور پروپیگنڈہ کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا کہ گوادر کے عوام کا احتجاج سی پیک کے خلاف ہے، جماعت اسلامی سی پیک کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس منصوبہ کو ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ضروری سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ گوادر کے رہائشی اور مچھیرے اپنے حقوق کے لیے اس وقت سے احتجاج کر رہے ہیں جب سی پیک کا وجود بھی نہیں تھا۔ حکومت اور ”گوادر کو حق دو تحریک” کے درمیان نو ماہ قبل جو معاہدہ ہوا جماعت اسلامی نے اس کے لیے کردار ادا کیا تاہم حکومت نے معاہدے کی پاسداری نہیں کی جس پر احتجاج اور دھرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔