گوادر میں مشتعل افراد ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیر داخلہ بلوچستان

434
گوادر میں مشتعل افراد ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیر داخلہ بلوچستان

 اسلام  آ باد: وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے کہا ہے کہ گوادر میں مشتعل افراد امن و امان اور گوادر کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیالانگو نے کہا ہے کہ گوادر میں حق دو تحریک کے احتجاج کے حوالے سے حکومت بلوچستان نے بار بار مذاکرت کئے اور وزیر اعلی بلوچستان کی قیادت میں حق دوتحریک کے تمام مطالبات تسلیم کئے۔

ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ گوادر میں مشتعل افراد سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے ، گوادر میں امن و امان کو سبوتاژ کرتے ہوئے ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حق دو تحریک کے مشتعل افراد نے سرکاری املاک کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کے بعدقانون حرکت میں آیا اور کئی افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گوادر میں شرپسند عناصر خواتین کو ڈھال بنا کر استعمال کررہے ہیں، حکومت جب سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے شرپسندوں کو گرفتار کرنے جاتی ہے تو وہ خواتین کو گھروں سے نکال دیتے ہیں۔

ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ گوادر کی خواتین پر باشعور ہے اور انہیں حالات کی سنجیدگی کا ادارک ہے، گوادر میں خواتین پر تشدد، لاٹھی چارج اور ان کی گرفتاریوں سے متعلق بیانات جھوٹ پر مبنی ہیں، اپنی سیاسی ساکھ اور جھوٹی شہرت حاصل کرنے کے لئے گوادر میں مشتعل افراد شرپسندی اتر آئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ گوادر کے خواتین اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں، بلوچستان کے ایک قبائلی صوبہ ہے جہاں خواتین کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، گوادر کی ماں،بہنوں سے گزراش کرتا ہوں کہ گوادر، ریاست اور حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ ماں، بہنوں اور بھائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ مشتعل افراد کی شکل میں شرپسندافراد سے دور رہیں، گوادر کی آنے والی نسلوں کامستقبل شہر میں جاری سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے وابستہ ہے۔حکومت گوادر کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھارہی ہے۔