اسلام آباد:چینی سفارت خانے نے یونیورسٹی آف پشاور (یو او پی) کیلئے چائینزایمبیسڈر اسکالرشپ 2022 کے تحت یونیورسٹی کے مستحق طلباء کے لیے 4.5 ملین روپے جاری کر دیئے ، یہ رقم چائنہ سٹڈی سنٹر (سی ایس سی ) یو او پی کے ذریعے یونیورسٹی کے مستحق طلباء میں تقسیم کی جائے گی۔
گوادر پرو کے مطابق اس سلسلے میں ڈاکٹر زاہد انور، ڈائریکٹر سی ایس سی اور پرو وائس چانسلر یو او پی نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور سفیر نونگ رونگ سے 4.5 ملین کا چیک وصول کیا۔
اس موقع پر دونوں حکام نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں تعلیم میں پاک چین تعاون، چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک )، چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (BRI) وغیرہ شامل ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ یو او پی ثقافتی تبادلے اور تھنک ٹینک تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے چین اور خیبر پختونخواہ ( کے پی ) صوبے کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے۔
ایک سرکاری بیان میں سفیر کے حوالے سے کہا گیا کہ سفارت خانہ چین اور پاکستان کے درمیان عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں برادر ہمسایہ ممالک کی نوجوان نسل کے درمیان دوستی کو بڑھانے کے لیے یو او پی کے ساتھ قریبی تعاون کو جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
گوادر پرو کے مطابق پروفیسر زاہد انور نے سفیر کو سیمینارز، ورکشاپس، کانفرنسز، چینی زبان کے کورسز، جرنل آف پاکستان چائنہ سٹڈیز کے اجراء اور بی ایس، ایم ایس، اور پی ایچ ڈی کی منظوری ، قانونی اداروں کے کورسز وغیرہ کے بارے میں آگاہ کیا۔
گوادر پرو کے مطابق انور نے بتایا کہ یو او پی نے سی پیک کے رہنما خطوط کے تحت تعلیمی تعاون، گوادر ڈیپ سی پورٹ کی فیلڈ اسٹڈی، دیگر پاکستانی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون اور پاکستان میں چائنہ اسٹڈیز کو فروغ دینے،کنسورشیم آف چائنا پاکستان یونیورسٹیز، بی آر آئی ، سی پیک ، اور بہت سے دوسرے علاقائی اور عالمی مسائل کے حل کے لیے چینی اسٹڈی سینٹر کے ساتھ اعلیٰ درجے کی چینی یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت ناموں پر دستخط کیے ہیں۔ملاقات کے دوران پولیٹیکل قونصلر باؤ ژونگ اور سفارت خانے کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔