وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ملاقات

890

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملک میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ آرمی چیف نے وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی۔

ملاقات میں کل ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس پر بھی گفتگو کی گئی۔قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے سدباب پر غور ہو گا۔عسکری حکام دہشت گردی اور  افغان بارڈر کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔  قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے، جس میں ملکی سلامتی اور سرحدی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

علاوہ ازیں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی وضع کرنے سے متعلق معاملات پر بھی غور کیا جائے گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت کل ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تمام سروسز چیفس،سیکورٹی حکام، وزیر خارجہ ، وزیر داخلہ ، وزیر دفاع ،وزیر خزانہ اور وزیر اطلاعات ونشریات شرکت کریں گے۔