اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فارن ایجنٹ چور ملکی تاریخ کا بد ترین اور ناکام ترین تجربہ تھا، ترقی کرتے خوشحال ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا، سیاسی بے روزگاروں، نالائق کی سلیکٹڈ حکومت 2018 سے لے کر 2022 اپریل تک مسلط تھی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ ٹولہ اور فارن ایجنٹ کو پارلیمان سے اُٹھا کر باہر پھینک دیا ہے، استعفیٰ دیں خطوں کا بہانہ کیوں بنا رہے ہیں، کرائیں الیکشن پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کیا تکلف ہے، عمران خان نے ملک میں تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری کی، فارن ایجنٹ نے ملک کے مفادات بیچے۔
مریم اورنگزیب کامزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کشمیر کا سودا کیا، اداروں کی تضحیک کی، شہدا کے خلاف غلیظ مہم چلائی، آج عوام کو لگا ہر زخم فارن ایجنٹ کی دین ہے، آج عوام کی ہر تکلیف کی وجہ عمران خان ہے، وہ جن پہ الزام لگا رہا ہے 6.3 فیصد پر ترقی کرتا ملک چھوڑ کر گئے تھے۔