وزیراعظم کی ٹیکس اہداف وصولی یقینی بنانے اور نادہندگان کیخلاف قانونی کارروائی کی ہدایت

644

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کو ٹیکس اہداف کی وصولی یقینی بنانے اور ٹیکس نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

تمباکو کی غیر قانونی اسمگلنگ اور ٹیکس چوری کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے وزیراعظم کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس ہوا، جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، معاون خصوصی طارق باجوہ ، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ سگریٹ کے بیشتر کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں تمباکو کے شعبے میں ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے اور  جولائی سے دسمبر تک 83.5 ارب روپے ٹیکس وصول ہو چکے ہیں، جو کہ گزشتہ سال اسی دوران اکٹھے کیے گئے ٹیکس سے 26 فیصد زیادہ ہے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر ایک جامع حکمت عملی سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنائے تاکہ ٹیکس چوری کا مکمل خاتمہ ہو سکے ۔ انہوں نے ٹیکس نظام کی بہتری کے لیے ایف بی آر حکام کی کاوشوں کو سراہا اور کوششیں مزید تیز کر کے ٹیکس وصولی کے نظام میں خاطر خواہ بہتری لانے کی ہدایت بھی کی۔