اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈی جی حج کی تعیناتی روک دی

808

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے ڈی جی حج کی تعیناتی روکنے کے احکامات جاری کردیے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے وزارت مذہبہ امور کو ڈی جی حج کی تعیناتی کا عمل روکنے کے احکامات دیے۔

عدالت نے وزارت مذہبی امور و دیگر فریقین کو 11 جنوری کے لیے نوٹس جاری  کردیا۔

قبل ازیں خاتون امیدوار کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ 48 اُمیدواروں میں 100 میں سے 71  نمبر لے کر پہلی پوزیشن لی۔ مجھے بتایا گیا انٹرویو میں کوالیفائی نہیں کر سکی۔ صنفی بنیادوں پر نظر انداز کیا جارہا ہے، عدالت انٹرویو کی ریکارڈنگ منگوائے۔

واضح رہے کہ 20 گریڈ کی افسر صائمہ صبا نے بطور ڈی جی تعینات کرنے کی درخواست دے رکھی ہے۔ جب کہ خاتون نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف بھی اپیل فائل کر رکھی ہے۔ سنگل بنچ نے فیصلے میں لکھا تھا کہ ڈی جی حج کی تعیناتی کے عمل میں صنفی بنیادوں پر نظر انداز کرنے کو خاتون ثابت نہیں کر سکی۔

سنگل بینچ نے خاتون کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی تھی۔