اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت30 فیصد کم کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرول سے چلنے والی موٹرسائیکلوں کو مرحلہ وار الیکٹرک بائیکس سے تبدیل کیا جائےگا، الیکٹرک بائیکس کے فروغ سے ایندھن کی مد میں خاطرخواہ بچت ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وفاقی کابینہ نے ملک میں ہونے والے حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی، وفاقی کابینہ نے چودھری اشرف کی گرفتاری کی مذمت کی۔اجلاس میں دہشتگردی واقعات میں شہید افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کیے گئے توانائی بچت پلان پر بحث کی گئی۔اجلاس کو توانائی بچت پلان کے حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کیساتھ ہوئی مشاورت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ توانائی بچت پلان کے نفاذ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کے عمل کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری اپنانے کی اشد ضرورت ہے، ایندھن کی مد میں امپورٹ بل میں کمی کیلئے توانائی بچت پلان پر عمل درآمد ناگزیر ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے ونڈ پاور کی استعدادکار کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔