کراچی :پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہم پی ایس ایل کے لیے ٹیموں میں اضافہ چاہتے ہیں جبکہ لیگ کی فرنچائز رضا مند نہیں، بورڈ کو جارح شاہد آفریدی کی ضرورت ہے جبکہ سرفراز احمد نے کراچی ٹیسٹ میں اپنی شمولیت کا فیصلہ درست ثابت کروایا۔
میڈیا سے گفتگو میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پچھلے بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائز کے معاملات ٹھیک نہیں تھے، میں فرنچائز کے مالکان اور ذمہ داران سے ملاقات کروں گا، چاہتا ہوں کہ پی ایس ایل کی ٹیموں میں اضافہ ہو، پاکستان سپر لیگ میں 7سے 8ٹیمیں ہوں تو بہتر رہے گا، تاہم فرنچائز مالکان نہیں چاہتے کہ پی ایس ایل کے لیے ٹیموں کی تعداد میں اضافہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور سابق ٹیسٹ کپتان شاہد آفریدی جارحانہ انداز اپناتے ہیں اور ہمیشہ فرنٹ فٹ پر کھیلتے ہیں، شاہد آفریدی کی کرکٹ بورڈ میں ضرورت ہے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم سرفراز کو پاکستان ٹیم میں واپس لائے، انہوں نے اچھی کارکردگی سے ثابت کیا کہ ان کا انتخاب درست تھا۔ انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک فاسٹ بولر انجرڈ ہے لیکن ٹیم مینجمنٹ مان نہیں رہی تھی، ہم اس کے متبادل کی حیثیت سے بائیں بازو کے فاسٹ بولر میر حمزہ کو لائے۔