اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن 31 دسمبر کو کرانے کے لیے پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کی اپیل پر جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کل سماعت کرے گا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن سے 11 روز پہلے یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کی کوئی اہمیت نہیں ۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم کرکے الیکشن کمیشن کا 20 دسمبر کا فیصلہ بحال کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن کو 101 یونین کونسلز میں 31 دسمبر کو الیکشن کرانے کی ہدایت کی جائے ۔
علی نواز اعوان نے سردار تیمور اسلم کے ذریعے دائر درخواست میں کابینہ ڈویژن، وزارت داخلہ، الیکشن کمیشن و دیگر کو فریق بنایا ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن کو آج 27 دسمبر کو فریقین کو سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔