راولپنڈی:ریلیف کمشنر پنجاب نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ مری میں 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مری کے تمام روڈز کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
ریلیف کمشنر پنجاب نوید حیدر شیرازی کے زیر صدارت مری میں برف باری کے پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید، سیکرٹری ریونیو ، ڈی سی مری ، ریسکیو 1122 سمیت دیگر افسران کی شرکت ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈی سی مری نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔
نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ برفباری کے دوران چین مافیا کے خلاف کریک ڈان کیا جائے، روڈز پر کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو، برفباری سے نمٹنے کے لیے گرینڈ موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا جائے، تمام ادارے کوآرڈی نیشن کے عمل کو بہتر بنائیں تاکہ سیاحوں کو سیر و تفریح کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ریلیف کمشنر پنجاب کا کہنا تھا کہ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے 13 فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، مری میں سینٹرل کنٹرول روم قائم اور پی ڈی ایم کے پراونشنل کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے، ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122، پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار اضافی تعداد میں تعینات کیے گئے ہیں۔