بینظیر بھٹو کو قتل کر کے ملک توڑنے کی کوشش کی گئی، شیری رحمان

270

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ماحولیات شیری رحمان نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کو قتل کر کے ملک توڑنے کی کوشش کی گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 15 ویں یوم شہادت پر ان کو سلام پیش کرتی ہوں، بی بی کا قتل انسانیت کا قتل تھا، آج کے دن ہم سے ہماری قائد اور اس ملک سے اس کا مستقبل چھینا گیا، شہید بی بی پاکستان کے عوام کیلئے ایک امید تھیں، قاتلوں نے عوام سے ان کی امید چھین لی۔

انہوں نے کہا کہ شہید بی بی تمام صوبوں کی زنجیر تھیں، قاتلوں نے ان کو قتل کرکے ملک کو توڑنے کی کوشش کی، آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر اس سازش کو ناکام بنایا، شہید بی بی نے نظربندی، قید، جلاوطنی اور دیگر سختیاں برداشت کیں، اپنے والد،بھائیوں اور کارکنان کے جنازے اٹھائے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ مرحومہ کی زندگی اور عوام، آئین، پارلیمان اور ملک کی خاطر سیاسی جدوجہد ان کے نام کی طرح بینظیر ہے، ہماری قائد اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کو دن دیہاڑے بے دردی سے قتل کیا گیا، ان کا خاندان، پیپلز پارٹی اور کارکنان 15سال بعد بھی اپنی قائد کے قتل کیس میں انصاف کے منتظر ہیں۔