گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر

299

لاہور:گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کو عہدے سے ہٹانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کے لئے درخواست شبیر اسماعیل ایڈووکیٹ نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی۔ عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں صدر مملکت، گورنر، وزیراعلیٰ، سپیکر، وفاقی حکومت، حکومت پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اعتماد کے ووٹ کے لئے آئین میں وقت کی قدغن نہیں، تحریک عدم اعتماد کے لئے آئین میں چار سے سات یوم کا وقت دیا گیا ۔

درخواست میں بتایا گیا کہ گورنر نے وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کا کہہ کر آئین کے آرٹیکل 10اے اور اسمبلی رولز کی خلاف ورزی کی، گورنر کو وزیراعلی اور کابینہ کو ہٹانے کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔موقف میں بتایا گیا کہ گورنر نے وزیراعلی اور کابینہ کو عہدوں سے ہٹا کر متعصب، بدنیتی پر مبنی یکطرفہ کارروائی کی، انہوں نے غیرآئینی اور غیرقانونی اقدامات کر کے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ جمہوری اقدار کے تحفظ کے لئے گورنر کو فوری عہدے سے ہٹا کر ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور گورنر کے سیشن بلانے اور وزیراعلی، کابینہ کو تحلیل کرنے کے احکامات کالعدم قرار دیے جائیں۔