دنیا اب فلم کو سیاحت کے فروغ کے لئے استعمال کر رہی ہے، مریم اورنگزیب

380

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب  نے  فلم فیسٹیول میں کامیاب بچوں کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ  دنیا اب فلم کو سیاحت کے فروغ کے لئے استعمال کر رہی ہے، فلم کے ذریعے ہم اپنی ثقافت کو فروغ  دے سکتے ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول 2022کی ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلم فیسٹیول میں کامیاب بچوں کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، دنیا اب فلم کو سیاحت کے فروغ کے لئے استعمال کر رہی ہے، وزیراعظم فلم انڈسٹری کے شعبے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔

مریم اورنگزیب  نے کہا کہ فلم کے ذریعے ہم اپنی ثقافت کا فروغ کر سکتے ہیں، ماضی میں پاکستان کی فلم انڈسٹری عروج پر تھی،  پاکستان 1971میں دنیا کا چوتھا بڑا فلم ساز ملک تھا،  پاکستانی فلم انڈسٹری خاموش ہوئی تو ہماری ثقافت اور زبان بھی خاموش ہو گئی۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ 2011میں فلم انڈسٹری میں دوبارہ سے بحالی کا عمل شروع ہوا، پاکستان کی پہلی نیشنل فلم پالیسی 2017میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے شروع کی۔