اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کے خدشے کے پیش نظر شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔شہری پولیس نے سیکورٹی ریڈ الرٹ کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے شہر میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے بعد شہریوں پر مختلف پابندیاں عائد ہوگئی ہیں۔دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد اب تاحکم ثانی اسلام آباد میں جلسہ اور کارنر میٹنگز پر بھی پابندی عائد ہے، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی جلسہ کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آبا د نے پولیس نے شہر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کے احکامات جاری کر تے ہوئے اپلائیڈ فور، غیر نمونہ نمبر پلیٹ گاڑی اور موٹر سائیکلوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی۔
جمعہ کے روز آئی جی اسلام آبا د پولیس نے شہر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کے احکامات جاری کر دئیے، اسلام آباد پولیس کی جانب سے اپلائیڈ فور، غیر نمونہ نمبر پلیٹ گاڑی اور موٹر سائیکلوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی گئی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ کسی شخص کو اسلحہ لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی، شہری دوران سفر ضروری شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں، شہری اپنے کرایہ داروں اور گھریلو ملازمین کی فوری طورپر پولیس سنٹرز میں رجسٹر کروائیں۔