اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10فور میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے،
وزیراعظم نے دھماکے میں شہید ہونے والے اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا ہے، پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی،وزیر اعظم نے دھماکے میں زخمی ہونیوالوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور پولیس کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کیئے بغیر اپنا فریضہ ادا کیا ہے، بلاول بھٹو نے شہید پولیس اہلکار کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔