اسلام آبا:داسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں خودکش دھما کے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 3 اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی ہوگئے،جبکہ حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا ۔
پولیس کے مطابق سیکٹرآئی ٹین فور کی گلی نمبر31 کے باہر پولیس نے ٹیکسی روکی جس کی تلاشی لینے کے دوران دھماکا ہوا،دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ 4اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
جہاں ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، شہید اہل کار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ترجمان آئی جی اسلام آباد کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب پولیس ٹیم کے ایک اہلکار نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، گاڑی کے رکتے ہی دھماکا ہوگیا۔ترجمان نے بتایا کہ دھماکا خود کش تھا، اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی اور چیکنگ چل رہی تھی ۔
دھماکا بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، اور اس میں پولیس اہلکاروں کو ہدف بنایا گیا۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد حملہ آورکے اعضا جائے وقوعہ پر پھیل گئے ،جبکہ گاڑی میں آگ لگ گئی جس کے شعلے بلند ہوتے رہے، واقعہ کے فوری بعد پولیس کی مزیدنفری بھی جائے دھماکا پر پہنچ گئی،زخمی پولیس اہلکاروں کو پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں ایک اہلکار ہسپتال میں دم توڑ گیا،پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ،جبکہ ملحقہ علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات شروع کردی گئی ۔
دھماکے کی شدت کی وجہ سے اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں دھماکے کے بعد ضلع راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ اسلام آباد کے جڑواں شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکا بندی کرکے حکام نے نماز جمعہ کے اجتماعات کو سخت سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔