بھارت میں ’’لب پہ آتی ہے دعا‘‘ پڑھانے پر اسکول پرنسپل معطل

694
suspended

بریلی: بھارت کی ریاست اترپردیش کے ایک سرکاری اسکول میں طلبہ سے علامہ اقبال کا دعائیہ کلام ’’لب پہ آتی ہے دعا‘‘ پڑھوانے کی شکایت پر پرنسپل کو معطل کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے ضلع بریلی میں ہندو انتہاء پسندوں کے گروپوں کی جانب سے پولیس کو شکایت کی گئی تھی کہ اسکول میں بچوں نے علامہ اقبال کا دعائیہ کلام ’لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری‘ پڑھا ہے۔شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

سوشل میڈیا پر اسکول کے طلبہ کی ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں انہیں علامہ اقبال کا کلام پڑھتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد محکمہ تعلیم نے اسکول کے پرنسپل کو معطل کردیا ہے۔ ویڈیو کلپ کا جو حصہ وائرل ہو رہا ہے اس میں اسکول کے بچوں کو مذکورہ کلام کی ایک سطر ’میرے اللہ برائی سے بچانا مجھ کو‘ پڑھتے سُنا جاسکتا ہے۔