وزیراعظم کے داماد بھی حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے

746

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے کے بعد ان کے داماد بھی حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ہارون یوسف عزیز نے احتساب عدالت لاہور میں زیر سماعت کیس کے سلسلے میں حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ہارون یوسف عزیز شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں شریک ملزم کے طور پر نامزد ہیں۔

حفاظتی ضمانت کے سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب عدالت لاہور میں ریفرنس نمبر 22/2020زیر سماعت ہے، جہاں پیش ہونے کے لیے 2 ہفتوں کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے ۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے بھی اپنے خلاف زیر سماعت کیسز کے سلسلے میں پاکستان آنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ سے دو ہفتوں کی حفاظتی ضمانت حاصل کر چکے ہیں۔