لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی بونوں کی نالائقی اور نااہلی سے ملک سو سال پیچھے چلا گیا حکمرانوں نے ملک میں موجود ساٹھ فیصد سے زائد یوتھ کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا پاکستان میں جمہوریت ،پولنگ اسٹیشنز،پولنگ عملہ یرغمال ہے الیکشن کی بجائے سلیکشن کے عمل سے ہمیشہ نقصان ہوا۔
سراج الحق نے کہاکہ جس دن پاکستان میں جمہوریت آزاد ہوئی اور عوام کو آزادانہ ماحول میں ووٹ ڈالنے کا موقع ملا جماعت اسلامی عوام کے اعتماد اور ووٹ سے بڑی کامیابی حاصل کرئے گی اب جماعت اسلامی کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم مرکزمیں،پی ٹی آئی پنجاب اور کے پی میں جبکہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ میں 14 سالوں سے موجود ہے لوگوں نے بزدار،پرویز الہی،شہباز شریف سمیت سب کو دیکھ لیا،پاکستان کا بچہ بچہ سمجھتا ہے کہ یہ لوگ ڈلیور نہیں کر سکے اور یہ ناکام ترین حکمران ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ انہی لوگوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا سیاست کو تبا ہ کیا،مہنگائی اور بے روزگاری کی مصیبتیں عوام پر ان کی وجہ سے ہیں جس دن پاکستانیوں کی نگاہ میں نوٹ کی طرح ووٹ کی اہمیت اور قدر پیدا ہو گئی وہ ووٹ کو بھی چور،ڈاکووں،لیٹروں،مافیاز کی بجائے جماعت اسلامی کو دیں گے اور اب یہ شعور عام ہو رہا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کئی بار اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کی حکومتوں نے ڈلیور نہیں کیا ان کو بھی احساس ہے کہ ان کی دونوں صوبائی حکومتیں اب پاکستان کے دونوں صوبوں کے عوام پر ایک بوجھ ہیں،پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی یہی چاہتے ہیں کہ یہ چل چلاو کا الیکشن ہو، مافیاز کا پیسہ ہو،نوٹ کو استعمال کرکہ انہیں خریدیں اور لوگوں کو ایک بار پھر دھوکا دیں۔
انہوں نے کہا پاکستان اپنی حقیقی آزادی سے بہت فاصلے پر ہے 99 فیصد عوام ملک میں قرآن و سنت کے نفاذچائتے ہیں اور خواہش رکھتے ہیں کہ عدالتوں،سیاست،معیشت،تعلیمی نظام اسلامی نظام کے تابع ہو لیکن 75 سالوں سے پاکستان میں عالمی استعمار کے ایجنٹ حکمران قوم کی گردنوں پر مسلط ہیں اور وہ اغیار کے نظام کے محافظ بنے بیٹھے ہیں پاکستان کی معاشی،سیاسی،انتظامی تباہی کی ذمہ دار پی ڈی ایم،پی ٹی آئی،پیپلز پارٹی جیسی پارٹیاں ہیں۔