نئی دہلی: وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے امریکا میں بیٹھ کر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو قصائی کہنے پر حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔
بلاول بھٹوکے مودی کوقصائی کہنے اور عالمی دنیا کو بھارت کی اصل تصویر دکھانے پرہندو انتہا پسند بھڑک اٹھے اور انہوں نے نئی دہلی میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر شدید احتجاج کیا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی نے بلاول بھٹو کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے 17 دسمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسامہ بن لادن مرچکا، مگر گجرات کا قصائی زندہ اور اب بھارت کا وزیراعظم بنا ہوا ہے، مودی آر ایس ایس کے وزیرِ اعظم ہیں جس کا تصور ہٹلر کی نازی جماعت سے لیا گیا تھا۔
انہوں نے عالمی برادری کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، لاہور کے جوہر ٹان دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔
وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔