لاہور: چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ پہلے جنرل مشرف اور اب جنرل باجوہ نے ان لوگوں کو این آر او دیا، میں اپنی حکومت میں بے بس تھا، جنرل باجوہ فیصلہ کرتے تھے نیب نے کس کو چھوڑنا اور کسے اندر کرنا ہے۔
عمران خان نے کہاکہ ایک ایک کر کے کرپشن میں ملوث بڑے بڑے نام بری ہو رہے ہیں، میرے دور میں ان کرپٹ افراد کے خلاف کیسز مکمل تھے لیکن نیب کو کام کرنے نہیں دیا جاتا تھا، جنرل (ر) باجوہ نے ان سب کو این آراو ٹو دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی معاشرے کی کامیابی ہوتی ہے اور میں نے 26 سال قانون کی حکمرانی کی جدوجہد کی، میں ہمیشہ یہی کہتا رہا کہ ان کو این آر او نہیں دوں گا اور جب تک میں زندہ ہوں ان کا مقابلہ کروں گا۔