لاہور: پی ٹی آئی نے شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف مقدمات میں بریت پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس بات کا اعلان پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ شریف خاندان کی مختلف مقدمات میں ضمانت و بریت خلاف تحریک انصاف نے آرٹیکل 184 کے تحت سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک سوموٹو نوٹس بھی لیا ہوا ہے، جس میں ہم فریق بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ مریم نواز، شہباز شریف، حمزہ شہباز کے کرپشن کیسز سپریم کورٹ میں کھولے جائیں، جس طرح ان کی اپیلیں فائل ہوئیں اور ان پر فیصلے ہوئے، سپریم کورٹ ان پر نظرثانی کرے۔شریف خاندان نے پاکستان پر اتنے بڑے ڈاکے ڈالے ہیں اس طرح سے اگر وہ سارا پیسہ لے کر برطانیہ چلے جائیں گے تو یہاں کے 20 کروڑ عوام کی جو حق تلفی ہوئی اس کا مداوا کون کرے گا؟
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح عمران خان کی نااہلی کے کیسز تیزی سے سنے جارہے ہیں اسی طرح ان کے خلاف درخواست کو بھی تیزی کے ساتھ سنا جائے۔اصل رقم یہ ہے کہ شریف فیملی ملک سے باہر لے گئی۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف نے 123 استعفے اس وقت کے اسپیکر قاسم سوری کے حوالے کردیے تھے مگر موجودہ اسپیکر راجا پرویز اشرف نے حکومت کے ایما پر استعفوں کی منظوری میں من پسندی کا مظاہرہ کیا اور چن کر 11 حلقوں کا انتخاب کیا اور وہاں سے استعفے منظور کیے۔ اگر منظور کرنے تھے تو سارے کرتے ورنہ ایک بھی نہ کرتے اس کے باوجود ان حلقوں میں پی ڈی ایم کے امیدواروں کو شکست ہوئی اور 75 فیصد نشستیں ہمیں ملیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرچکی ہے اور ایک بار پھر اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے میں بحیثیت وائس چیئرمین پی ٹی آئی اسپیکر کو خط بھیج رہا ہوں کہ وہ ہمارے مستعفی ارکان اسمبلی کو جلد ازجلد طلب کریں ہم پیش ہونے کو تیار ہیں اور چاہتے ہیں کہ اپنے استعفے کی فیصلے کی تجدید کریں، اسپیکر ہمیں اجتماعی یا انفرادی جس طرح چاہیں بلالیں ہم آنے کو تیار ہیں۔