سفاری پارک میں”سونیا” کی 16ویں،”ملکہ” کی 18ویں سالگرہ کل منائی جائے گی

814

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سفاری پارک کراچی کی “سونیا” کی 16ویں،”ملکہ” کی 18ویں سالگرہ کل منائی جائے گی،تفصیلات کے مطابق کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے سفاری پارک میں 15 دسمبر بروز جمعرات کو ’سونیا‘ اور ’ملکہ‘ نامی ہتھنیوں کی سالگرہ کی رنگا رنگ تقریب منانے کا اعلان کیا ہے۔

اس موقع کیلئے سونیا اور ملکہ کیلئے خصوصی کیک بھی تیار کیا گیا ہے۔ ہتھنیوں کی سالگرہ کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن کو بطور چیف گیسٹ مدعو کیا گیا ہے جبکہ ان کے علاوہ بقیہ سرکاری عہدیدران اور میڈیا کے نمائندگان بھی تقریب میں مدعو ہیں۔سالگرہ کی مناسبت سے کے ایم سی کی جانب سے دونوں ہتھنیوں کی ویڈیو بھی جاری کی ہے ۔سفاری پارک کے حکام کے مطابق سونیا اور ملکہ نامی ہتھنیوں کی سالگرہ منانے کا مقصد پہلی سے آٹھویں جماعت کے ا سکول جانے والے بچوں اور بچیوں کو مدعو کرنا ہے۔

تاکہ وہ بھی جانوروں سے محبت کرنے کے جذبے ساتھ ملکہ اور سونیا کی سالگرہ منائیں اور کیک کاٹیں۔سفاری پارک میں دونوں ہتھنیوں کی سالگرہ کی تقریب 15 دسمبر بروز جمعرات دوپہر 12 بجے ہو گی۔خیال رہے کہ ملکہ اور سونیا کو سال 2007 میں افریقہ کے شہر تنزانیہ سے پاکستان لایا گیا تھا۔