لاہور: وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ لاہور میں جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اس سلسلے میں 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جوہر ٹاؤن دھماکے کے ذمے دار تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کا معاملہ وزارت خارجہ کے ذریعے سے اقوام متحدہ میں عالمی برادری کے سامنے رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا معاملہ بھی پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا کھلا ثبوت ہے جب کہ بھارت پاکستان میں ہر قسم کی دہشت گردی کو ہوا دیتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان طویل مدت سے دہشت گردی کا شکار بن رہا ہے۔ دہشت گردی کا کوئی بھی واقعہ رونما ہو، اس میں بھارت کسی نہ کسی طرح سے ملوث رہا ہے۔ یہاں تک کہ ملک میں عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف ان گنت قربانیاں دی ہیں۔ ہم ہر روز ایک نئی صورت حال کا سامنا کرتے ہیں۔ کئی دہائیوں سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اس سلسلے میں بتایا کہ جوہر ٹاؤن دھماکے کے 24 گھنٹے کے اندر 3 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔ کسی دہشت گرد تنظیم یا گروہ نے جوہر ٹاؤن دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔