چمن: افغانستان سے بلااشتعال فائرنگ، راکٹ حملے میں 6افراد شہید، 17زخمی

393
Bahawalnagar tragedy

راولپنڈی:افغانستان کی جانب سے بھاری ہتھیاروں اور مارٹر سے حملے کے دوران بلوچستان میں 6افراد شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق افغان فورسز نے بلوچستان کے علاقے چمن میں شہری آبادی پر توپ خانے، بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی، شدید فائرنگ کے نتیجے میں 6افراد شہید ہو گئے جبکہ 17افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

افغان سرحدی فورسز کی فائرنگ کے بعد سکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کی۔ تاہم دوست ملک میں شہریوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا گیا۔

آئی ایس پی آئی کے مطابق اس واقعے کے بعد پاکستان نے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے افغان طالبان کے حکام سے رابطہ کیا ہے اورملزمان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے،وزیراعلی بلوچستان قدوسوبزنجو نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے سیکرٹری صحت صالح محمد ناصر کو اسپتالوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت کی ۔

 سول اسپتال کوئٹہ کے تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز ، فارماسسٹس ، سٹاف نرسزاور پیرا میڈیکل سٹاف کو ہسپتالوں میں طلب کر لیا گیا ہے،وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا سرحد پار سے فائرنگ اور راکٹ حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

 وزیر اعلی نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت سفارتی سطح پر اس مسئلہ کے فوری اور موثر حل کو یقینی بنائے گی۔