سردی بڑھتے ہی پشاور میں خشک میوہ جات کی قیمتوں میں اضافہ

665

پشاور:سردی کی شدت بڑھتے ہی پشاور میں خشک میوہ جات کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی صوبائی دارالحکومت پشاور میں خشک میوہ جات فروخت کرنے والوں نے قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیا ہے اور من مانے ریٹ مقرر کر کے دونوں ہاتھوں سے لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔

سردیوں میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی مونگ پھلی کی قیمت بھی سات سو روپے کلو تک پہنچا دی ہے حالانکہ پچھلے سال مونگ پھلی تین سے چار سو روپے کلو میں فروخت ہورہی تھی لیکن اس مرتبہ ڈرائی فروٹ کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔اخروٹ آٹھ سو روپے کلو میں فروخت کئے جانے لگے ہیں ۔

ایرانی اور سکھر کی کھجور بھی ایک ہزار روپے کلو تک پہنچ گئی ہے ۔شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ڈرائی فروٹ کے بھی نرخنامے جاری کر کے دکانوں پر آویزاں کرنے کا دکانداروں کو پابند بنایا جائے ۔