ملک ڈیفالٹ کر چکا،وزیر خزانہ چھپا رہے ہیں، سراج الحق

591
defaulted

کراچی:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر چکا ہے لیکن وزیر خزانہ اسحاق ڈار چھپا رہے ہیں.

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ٹرائیکا نے پاکستان کو بستر مرگ پر پہنچا دیا ہے، ملک کی معیشت تباہ ہو گئی ہے اور ملک ڈیفالٹ ہو گیا ہے، وزیر خزانہ باتیں چھپا رہے ہیں کہ 7بلین ڈالر پر زرمبادلہ آگیا ہے، ملک کے خزانے میں اس وقت صرف امانتیں موجود ہیں، ملک میں غذائی سامان ایل سی بند ہونے کے باعث نہیں آ رہا، اس وقت ملک کو اشیا ئے خورونوش کی قلت کا سامنا ہے، یہ بات انہوں نے جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے پر معاملہ ڈال رہی ہیں، اس وقت مرکز اور صوبوں میں کوئی رابطہ نہیں ہے، سیاسی قوتیں باہمی جھگڑوں کی وجہ سے انتشار کا شکار ہیں،ان کا کہنا تھا 9کڑور سے زائد پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے آگئے ہیں، حکمران عوام کو غلط اعداد و شمار بتاتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا  کہ حکومتوں کے پاس پنشن اور تنخواہوں کے پیسے نہیں ہیں، امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے اور پولیس جرائم کو کنٹرول کرنے کے بجائے پروٹوکول میں مصروف ہے،

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیلاب کا فنڈ کتنا آیا کہاں خرچ ہوا، معلومات عوام کو بتائیں، سندھ میں 3ہزار روپے رشوت کے عوض غریبوں کو 5ہزار روپے سیلاب کا فنڈ دیا جا رہا ہے۔