ترقی وخو شحالی کی راہ میں کرپشن بڑی رکاوٹ ہے، وزیراعظم

497
تحریک عدم اعتماد عوام کا مطالبہ ہے، شہبازشریف

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی وخو شحالی کی راہ میں کرپشن بڑی رکاوٹ ہے ،پاکستان کی سیاست میں کرپشن کو انتقام کا ذریعہ بنانے کے رواج کو ختم کرنا ہوگا۔

انسدادِ کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دور میں جس طریقے سے کرپشن کے جھوٹے الزامات لگا کر سیاسی حریفوں کو جیلوں میں بند کیا گیا اسکی مثال نہیں ملتی،کرپشن ایک بہت بڑا قومی مسئلہ ہے، کرپشن کی روک تھام کیلئے تمام سیاسی حلقوں کو مل کر ایک واضح روڈ میپ بنانے کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ   ہمیں سیاسی نعرے بازی اور پوائنٹ سکورنگ کیلئے استعمال کی بجائے سنجیدگی سے ملک سے سد باب کے اقدامات پر مل کر کام کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ میں انسدادِ کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان سے کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے اس بات پر زور دونگا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کرپشن ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  کرپشن کسی بھی ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرکے اسکی معاشی و انتظامی تباہی کا باعث بنتی ہے، معاشرتی اقدار کی کا زوال کسی بھی معاشرے میں کرپشن کی شرح بڑھاتا ہے۔

 انہوں نے کہاکہ 2022 میں انسدادِ کرپشن کے عالمی دن پر کرپشن کے کسی بھی ملک کی سلامتی، امن اور ترقی سے براہِ راست تعلق کو اجاگر کیا جا رہا ہے،کرپشن سے ملک و قوم کا قیمتی پیسہ نہ صرف شرپسند عناصر کے ہاتھوں میں جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے ملک کا امن تباہ ہوتا ہے بلکہ اس سے ادارے کمزور اور لوگوں کا گورننس سے اعتبار اٹھ جاتا ہے۔