ڈیلی میل کی معافی: کردار کشی کرنے والوں کیلئے عبرت ہونا چاہیے، حمزہ شہباز

485

لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی وزیراعظم شہباز شریف سے معافی، جھوٹ اور کردار کشی کرنے والوں کے لئے باعث عبرت ہونا چاہیے۔

 حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی اور اس کی جماعت نے اس جھوٹی خبر میں سہولت کاری کی ،شہباز شریف کے اوپر لگائے کھوکھلے الزامات کی حقیقت کھل کر سامنے آ چکی ہے،وزیراعظم پاکستان کو اللہ تعالی نے پہلے برطانوی کرائم ایجنسی کی تحقیقات میں بھی سرخرو کیا۔

 انہوں نے کہا کہ توشہ خانے پر ہاتھ صاف کرنے والے اور فارن فنڈڈ عمران نیازی اپنی چوریاں سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسے جھوٹے الزامات لگاتا ہے،عمران نیازی اور شہزاد اکبر کی ملی بھگت سے پاکستان میں زلزلہ زدگان کی امداد پر سوالات اٹھے،عمران نیازی اور اس کی جماعت نے سیلاب زدگان کی امداد رکوانے کے لئے بھی ہر ممکن ہتھکنڈا استعمال کیا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چار سالوں میں سیاسی مخالفین پر جھوٹے کیسز بنائے اور انہیں جیلوں میں ڈالا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے سیاسی، معاشی اور معاشرتی ڈھانچے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔