لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابات کی تیاری کرنا شروع کردیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی پر ساتھ دینے کے حوالے سے مکمل اعتماد ہے، انہوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جب حکم ملے گا تو اسمبلیاں تحلیل کردوں گا۔ اجلاس میں عمران خان نے موجودہ سیاسی صورت حال اور صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل پر تفصیلی مشاورت کی۔
اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین نے خدشے کا اظہار کیا کہ حکومت اسمبلیوں کی تحلیل پر عام انتخابات ملتوی کرسکتی ہے، جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس فوری الیکشن کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن مجھے نااہل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ارکان الیکشن کراؤ ملک بچاؤ تحریک چلائیں اور اپنے حلقے میں جاکر عوام کو حکومت کی نااہلیوں سے متعلق آگاہ کریں۔