لاہور: پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے دو صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان چند روز میں پنجاب اور پختونخوا کی اسمبلیاں گرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بتایا کہ انہوں نے آئینی اور جمہوری انداز سے سمجھانے کی ہرممکن کوشش کی اور کئی مواقع دیے، مختلف انداز سے پیغامات بھی دیے ، صدر مملکت نے بھی کردار ادا کیا تاکہ فاصلے کم کیے جا سکیں، تاہم کسی بھی معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ ایسا قدم اٹھائیں گے، جو قانونی اور ان کے اختیار میں ہے ۔ عمران خان مشاورت کے ساتھ جلد ہی پنجاب اور پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ نئے الیکشن کے انعقاد کا راستہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان تو پہلے سے قومی اسمبلی سے باہر ہیں۔ حکومت یا پارلیمنٹ کا عملاً حصہ نہیں ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلیاں اگلے چند دنوں میں تحلیل کرنے سے متعلق پارٹی نے عمران خان کو اختیار دے دیا ہے، تاہم حکومت اگر اپنے مفادات کو ملکی مفاد پر برتر سمجھتی ہے، جو کہ ملک کے لیے نقصان دہ ہے، تو یہ ان کا فیصلہ ہے۔ انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ پنجاب اور کے پی میں رمضان سے پہلے الیکشن ہوکر نئی حکومتیں قائم ہو جانی چاہییں۔