بنگلا دیش نے بھارت کو شکست دیدی، سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری

682

ڈھاکا: بنگلا دیش نے بھارت کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست دے دی۔3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

میرپور (بنگلا دیش) میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنا ڈالے۔ مہدی حسن مرزا نے ناقابل شکست سنچری جبکہ محمود اللہ نے نصف سنچری اسکور کی۔

بنگلا دیشی ٹیم کو ابتدا سے ہوئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے 6 کھلاڑی محض 69 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر مہدی حسن مرزا اور محمود اللہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے لیے 148 رنز کی قابل قدر شراکت قائم کی۔

مہدی حسن مرزا 83 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ محمود اللہ 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بھارت نے 272 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تھا تو 13 کے مجموعے پر دونوں اوپنرز ویرات کوہلی 5 اور شیکھر دھون 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 65 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

اکشر پٹیل اور شریاس ایئر نے ٹیم کو سنبھال دیا دونوں کے درمیان 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ایئر 82 اور پٹیل 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بھارتی کپتان روہت شرما نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے، انہوں نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور 28 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 51 رنز بنا ڈالے تاہم اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے۔

بنگلا دیش نے بھارت کو 5 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔