نئی دہلی:بھارت کی دارالحکومت نئی دہلی میں بلدیاتی انتخابات کے دوران عام آدمی پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قومپرست جماعت بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کو واضح شکست سے دوچار کردیا ہے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں 2022 کے بلدیاتی انتخابات کے دوران بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کو عام آدمی پارٹی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جہاں بھارت کی حکمران جماعت کی 15 سالہ انتخابی بالادستی ختم ہوگئی ہے۔
نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی نے 134 وارڈز، بی جے پی نے 104 اور کانگریس نے 9 وارڈز پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ تین وارڈز پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔بلدیاتی انتخابات کے دوران نئی دہلی کے وزیراعلی ارویند کجروال کی جماعت عام آدمی پارٹی کو بھارتیا جنتا پارٹی پر واضح برتری حاصل ہے۔
خیال رہے کہ نئی دہلی کی اسمبلی عام آدمی پارٹی کے پاس ہے جبکہ بلدیاتی اداروں پر ہندو قومپرست جماعت کی بالادستی قائم تھی جس کو اب عام آدمی پارٹی نے دوسرے نمبر پر لاکر کھڑا کردیا ہے۔
ابتدائی رجحان میں بی جے پی، عامی آدمی پارٹی سے برابر کے مقابلے میں تھی اور کہیں تو زیادہ سیٹیں بھی لے رہی تھی مگر اب عام آدمی پارٹی نے برتری حاصل کرلی ہے۔نئی دہلی کے وزیر اعلی ارویند کجروال نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کی تصدیق کے بعد ووٹ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شہر کی بہتری کے لیے ملکر کام کرنے پر زور دیا۔
ارویند کجروال نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ اس بڑی فتح پر دہلی کے لوگوں کا شکریہ اور سب کو مبارک، اب ہم سب کو مل کر دہلی کو خوبصورت اور صاف رکھنا ہے۔
نئی دہلی کے نائب وزیراعلی منیش سسوڑیا نے ٹوئٹر پر کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی اور منفی جماعت کو شکست دے کر دہلی کے لوگوں نے ایک ایماندار اور محنتی اروند کیجریوال کو جتوایا ہے۔