بھارتی پولیس کی بے حسی کے باعث مسلمان لڑکا دونوں ٹانگوں سے محروم

595

نئی دہلی:بھارت میں مودی سرکار کی سرپرستی میں اقلیتوں کے ساتھ ظلم و زیادتی اور انہیں بزور طاقت دبانے کا سلسلہ جاری ہے اور سب سے زیادہ شکار مسلمان شہری ہی بنتے ہیں،ایک اور حالیہ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں پیش آیا ہے جہاں ایک 17سالہ مسلمان سبزی فروش پولیس کی بے حسی کے باعث اپنی دونوں ٹانگوں سے محروم ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 17سالہ ارسلان  کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ہر روز کی طرح ارسلان  ٹھیلے پر سبزی فروخت کررہا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اس کے ساتھ نامناسب سلوک کیا اور اس کا ترازو ریلوے لائن پر پھینک دیا جسے اٹھانے کے لیے ارسلان ریلوے لائن پر بھاگا تاہم ٹرین کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور دونوں ٹانگیں گنوا بیٹھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق دونوں ٹانگیں کٹنے سے خون زیادہ بہہ جانیکی وجہ سے ارسلان کی حالت کافی خراب ہے،سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں ارسلان کو ریلوے ٹریک پر زخمی حالت میں امداد طلب کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔