اسلام آباد انتظامیہ اور تاجروں کے مذاکرات کامیاب، نجی مال ڈی سیل

673

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں نجی مال کو ضلعی انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کے بعد ڈی سیل کر دیا گیا۔

کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) اور ضلعی انتظامیہ نے مال کو مبینہ طور پر حفاظتی اقدامات یقینی نہ بنانے پر سربمہر کیا تھا۔حفاظتی اقدامات یقینی نہ بنانے پر سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے رات گئے نجی مال کو سیل کیا تھا۔

گارڈز اور مال انتظامیہ کو باہر نکال کر چاروں اطراف خار دار تاریں لگا کر پولیس تعینات کر دی گئی تھی۔ دن بھر تاجروں اور ملازمین نے احتجاج کیا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مال کو ڈی سیل کیا۔

ضلعی انتظامیہ نے مال کے داخلی راستے پر سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کا حکم نامہ چسپاں کیا جس پر حفاظتی انتظامات مکمل نہ کرنا اور آگ سے نقصانات کا ازالہ نہ کرنے کی تحریر درج تھی۔

تاجروں اور مال میں کام کرنے والے ملازمین نے احتجاج کے طور پر جناح ایونیو پر پارلیمنٹ کی جانب احتجاجی مارچ کی جس پر ضلعی انتظامیہ کے افسران سے مذاکرات کے بعد مال کو ڈی سیل کر دیا گیا۔