لاہور: سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین ہونے والی اہم ملاقات میں مسلم لیگ ق کے جنرل سیکرٹری وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور رخسانہ بنگش بھی موجود تھے۔
سابق صدر اور ق لیگ کے سربراہ کی اہم ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور پنجاب حکومت سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چودھری شجاعت حسین نے آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستانی سیاست میں وضع دار اور دوراندیش شخصیت ہیں۔ ملکی سیاست اور پنجاب میں سیاسی حکمت عملی دونوں جماعتوں کے اتفاق رائے سے آگے بڑھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سمیت تمام سیاستدانوں کی اس وقت پاکستان کا مفاد اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ سابق صدر زرداری اور ہماری مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔