جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت کے سوا قوم کے پاس کوئی آپشن نہیں،ڈاکٹرطارق سلیم

603
Dr. Tariq Saleem

راولپنڈی:امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ ہر موڑ پر اسٹیبلشمنٹ کے در کا طواف کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ اب قوم کے پاس جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کے سوا کوئی اور آپشن نہیں ہے۔

جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے امرائے زون کی تقریب حلف و تقسیم اسناد مدرسین قرآن کورس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق سلیم کا کہنا تھا کہ پنجاب کے حکمران بے شرمی سے کٹھ پتی ہونے کااعتراف کررہے ہیں، ضمیرفروش سیاستدانوں پر عوام کیسے اعتماد کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کوگھسیٹ کرسیاست میں مداخلت کروانے اور 100بارپرویزمشرف کووری میں منتخب کروانے کے اعلان کرنے والے ملک وقوم کے دشمن ہیں۔اب قوم کے پاس امیرجماعت اسلامی سراج الحق اور ان کی دیانتدارٹیم کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے، ترازو قوم کوامیددے گا۔اس موقع پرامیرضلع سیدعارف شیرازی،مرکزی ناظم شعبہ تربیت مولانا احسان اللہ چودھری،شمس الرحمن سواتی،رضوان احمد،عتیق احمدعباسی، ڈاکٹرخواجہ ظفرعلی، سیدعزیزحامد،محبوب الہی بٹ سمیت دیگرذمے داران نے بھی اظہارخیال کیا۔

تقریب میں امرائے زون سمیت دیگرذمے داران وکارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔امیرصوبہ نے اس موقع پر تربیت مدرسین کورس مکمل کرنے والے شرکا کواسناد اور تحائف دیے اورنومنتخب امرائے زون ضلع راولپنڈی سے ذمے داریوں کا حلف لیا۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ قرآن کا انقلابی پیغام صرف مسلمانوں ہی نہیں پوری انسانیت کے دلوں اورذہنوں کومسخرکرتا ہے۔نوجوانوں اور بزرگوں کی قرآن سے گہری محبت ہمارے لیے فخرکا باعث ہے۔ جماعت اسلامی پارلیمنٹ،عدالتوں،احتساب اداروں میں قرآنی احکامات کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سود کی لعنت اور آئی ایم ایف سمیت عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی نے پاکستانی معیشت کوتبا ہ کیا۔سود سے نجات کے بغیرپاکستان کی معیشت نہیں سنبھل سکتی۔جماعت اسلامی نے سود کے خلاف طویل عدالتی،سیاسی اورعوامی جنگ لڑی ہے، جس کے نتیجے میں وفاقی شریعت کورٹ نے سودی نظام کے خاتمے کا روڈ میپ دیا۔ حکومت تاخیری حربوں کی بجائے اس فیصلے کواس کی روح کے مطابق عمل کرے۔