پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کیخلاف میڈیا ٹرائل کیا، یوسف رضا گیلانی

462
سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی

لودھراں: پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جب عمران خان نے الیکشن کروانے کا ہمارا مطالبہ نہ مانا تھا تو ہم کیسے مانیں؟، پی ٹی آئی چیئرمین اگر بات کرنا چاہ رہے ہیں تو غیر مشروط بیٹھیں تاکہ راستہ نکلے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا رسک نہیں لیں گے، ان کو معلوم ہے کہ اگر وہ اسمبلیاں توڑ دیں گے تو صرف دو صوبوں میں ہی الیکشن ہوں گے، جو وزیراعلی ایک ایف آئی آر درج نہیں کروا سکا وہ اسمبلی کیسے توڑے گا۔

رہنما پی پی نے کہا کہ  عمران خان کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ ایکسپوز ہوچکا ہے، پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے خلاف میڈیا ٹرائل کیا، جب ان کی باری آئی ہے تو کہتے ہیں فوری الیکشن ہو جائیں تاکہ ان کی کوئی بات باہر نہ نکلے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے چھوٹے چھوٹے کیسز میں 10دس سال قید بھگتی ہے، ان کے تو بڑے بڑے کیسز ہیں اس لیے خوفزدہ ہیں اور فوری الیکشن چاہتے ہیں، عمران خان کی بہت غلط فہمی ہے کہ اگر الیکشن ہوئے تو انہیں دو تہائی اکثریت ملے گی۔