مونس الٰہی دوسروں کے اشاروں پر فیصلے کرتے ہیں: فضل الرحمان

537

کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مونس الٰہی اپنے فیصلے دوسروں کے اشارے پر کرتے ہیں جب کہ چوہدری شجاعت حسین نے موجودہ سیاسی صورتحال میں دانشمندانہ فیصلے کیے ہیں۔

مرحوم تاجر ایس ایم منیر کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مونس الٰہی چوہدری شجاعت حسین کے خاندان کے فرد ہیں اور انہیں اپنے بزرگ کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔

فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لیے ہر شہری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ ملک کو مضبوط کرنا ہر فرد کا فرض ہے۔ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن موجودہ حکومت نے معیشت کو بہتر کیا ہے اور اسے گرے لسٹ سے نکال دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بھی بہتری آرہی ہے۔

بعد ازاں، انہوں نے مجاہد کالونی کا دورہ کیا اور پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے ملاقات کی جن کے گھر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے صفائی مہم میں مسمار کیے گئے تھے۔ متاثرین نے انہیں اپنے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر فضل الرحمن نے اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں کہیں بھی مزدوروں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں سندھ حکومت سے آپ کے مسائل پر بات کروں گا۔