آرمی چیف کی فیملی کے ٹیکس گوشوارے لیک؛ ایف بی آر کے مزید 2 افسر معطل

446

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے فیملی ممبران کے ٹیکس گوشوارے لیک کرنے میں مبینہ طور پر ملوث ایف بی آر کے مزید 2 افسران کو معطل کردیا ہے جبکہ ایک روز قبل بھی 2 افسران کو معطل کیا گیا تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی مزید افسران کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور جو جو مبینہ طور پر اس معاملے میں ملوث پایاجارہا ہے ان کے خلاف باقاعدہ کاروائی شروع کی جارہی ہے۔ اس کیس میں اب تک 4 افسران معطل کیے جاچکے ہیں جن میں گریڈ 18 کے 3 اور گریڈ 17 کا ایک افسر شامل ہے، جبکہ چیف کمشنر سطح کے افسران سمیت ایک درجن کے لگ بھگ افسران سے پوچھ گچھ و تحقیقات بھی جاری ہیں۔

تحقیقات ہی کی روشنی میں ایف بی آر نے جمعہ کے روز ان لینڈ ریونیو سروس سے تعلق رکھنے والا گریڈ 17 کا ایک افسر اور گریڈ 18 کا ایک افسر معطل کردیا ہے۔ ان افسران کو بھی 120 دن کے لیے معطل کیا گیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مجاز اتھارٹی چیئرمین ایف بی آر نے انضباطی کاروائی کرتے ہوئے ریجنل ٹیکس آفس(آر ٹی او)لاہور کے گریڈ 18 کی خاتون ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو مس نرجس شاہین علی خان اور ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں گریڈ 17 سیکرٹری ریفارمز اینڈ ماڈرنائزیشن ونگ احسن کلیم خان کو 120 دن کے لیے معطل کردیا ہے۔