اسلام آباد: ڈی جی ائرپورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے، جس میں ملکی ہوائی اڈوں پر حفاظتی انتظامات کے علاوہ دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے ملکی ائرپورٹس کو محفوظ بنانے میں اے ایس ایف (ائر پورٹ سیکورٹی فورس) کے کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کی بہتری اور ترقی کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھانے پر زور دیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ڈی جی ائرپورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد اور ان کی ٹیم کی ملاقات کے موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، اسپیشل سیکرٹری خزانہ ، وزارت خزانہ اور اے ایس ایف کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ڈی جی اے ایس ایف نے اجلاس کو پاکستان کے ہوائی اڈوں کی حدود میں سیکورٹی کی فراہمی، امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردی کی کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے بجٹ کے امور پر بریفنگ دی اور اے ایس ایف کی کارکردگی اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے فنانس ڈویژن کے متعلقہ حکام کو اے ایس ایف کے بجٹ کے معاملات حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔