اعظم سواتی بلوچستان پولیس کے ہاتھوں گرفتار، کوئٹہ منتقل

284

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ پولیس نے گرفتار کرکے بلوچستان کی کچلاک جیل منتقل کردیا۔

سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف بلوچستان اور سندھ میں مقدمات درج ہیں جب کہ راولپنڈی جلسے میں تقریر کے بعد اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس پر انہیں کوئٹہ پولیس نے گزشتہ شب حراست میں لے لیا۔

 بلوچستان پولیس اعظم سواتی کو راتوں رات لے کر بلوچستان روانہ ہوگئی۔ انہیں کچلاک جیل میں منتقل کردیا گیا ہے۔ بلوچستان میں بھی اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹویٹ پر ایف آئی آرز درج ہیں۔

 واضح رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے ایف آئی اے کی جانب مزید ریمانڈ درکار نہ ہونے پر گزشتہ روز اعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا تھا۔

خیال رہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری سے قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت سے اجازت ضروری ہے جب کہ گزشتہ روز عدالت نے اعظم سواتی کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا ۔